دمشق،21جون(آئی این ایس انڈیا)سیریئن آبزرویٹری برائے شام کے مطابق دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ نے شمالی قصبے مَنبِج کے قریب امریکی حمایت یافتہ باغیوں پر اچانک حملہ کر کے اُن سے کم از کم دو دیہات کو چھین لیا ہے۔ آبزرویٹری کے مطابق جہادیوں نے دونوں دیہات کے رہائشیوں کو ہلاک بھی کر دیا ہے۔ ہلاکتوں کی تعداد کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ اِس کارروائی میں بارود سے لدی ایک کار کے ذریعے خود کش حملہ بھی کیا گیا۔ حالیہ ہفتوں کے دوران سیریئن ڈیموکریٹک فورسز نے اِن دیہات پر قبضہ کیا تھا۔ امریکی عسکری اتحاد کے جنگی طیاروں نے اسلامک اسٹیٹ کے جہادیوں پر فضائی حملے بھی کیے لیکن وہ اُن کی پیشقدمی کو روک نہیں سکے۔